Monday, March 2, 2026

صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا آپریشن ایپک فیوری کے بارے میں بیان

Department of State United States of America

یہ ترجمہ امریکی دفترخارجہ کی جانب سے ازراہ نوازش پیش کیا جارہا ہے۔



امریکی محکمہ خارجہ
ترجمان کا دفتر
یکم مارچ، 2026

گزشتہ 36 گھنٹوں کے دوران امریکہ اور اس کے اتحادیوں نے آپریشن ایپک فیوری کا آغاز کیا ہے جو دنیا میں اب تک کی سب سے بڑی، انتہائی پیچیدہ اور سب سے زور دار عسکری کارروائیوں میں سے ایک ہے۔ کسی نے ایسی کارروائی پہلے کبھی نہیں دیکھی۔

ہم نے ایران میں سیکڑوں اہداف کو نشانہ بنایا ہے جن میں پاسداران انقلاب کے ٹھکانے اور ایران کا فضائی دفاعی نظام بھی شامل ہیں۔ ابھی کچھ ہی دیر قبل اعلان کیا گیا ہے کہ ہم نے صرف چند ہی منٹ میں ان کے نو بحری جہازوں اور بحریہ کی عمارت کو تباہ کر دیا ہے۔

ایران کا سابق سپریم لیڈر آیت اللہ خامنائی ہلاک ہو چکا ہے۔ اس بدبخت اور قبیح شخص کے ہاتھ امریکہ کے سیکڑوں حتیٰ کہ ہزاروں لوگوں کے خون سے رنگے ہوئے تھے اور وہ کئی ممالک میں بے شمار بے گناہ لوگوں کے قتل عام کا ذمہ دار تھا۔

گزشتہ رات جب اس کی موت کا اعلان کیا گیا تو ایران بھر میں لوگوں کو سڑکوں پر خوشی اور جشن مناتے سنا جا سکتا تھا۔ ایران کی عسکری قیادت مکمل طور پر ختم ہو چکی ہے اور ان میں بہت سے لوگ اپنی جانیں بچانے کے لیے ہتھیار ڈالنا چاہتے ہیں۔ وہ معافی مانگ رہے ہیں اور ہزاروں کی تعداد میں رابطہ کر رہے ہیں۔

اس وقت جنگی کارروائیاں پوری شدت سے جاری ہیں اور تب تک جاری رہیں گی جب تک ہمارے تمام مقاصد حاصل نہیں ہو جاتے۔ ہمارے مقاصد نہایت مضبوط ہیں۔ وہ دو ہفتے پہلے بھی کچھ کر سکتے تھے مگر وہ اس قابل نہ ہو سکے۔

آج کچھ دیر پہلے، سینٹکام نے اطلاع دی کہ امریکہ کی فوج کے تین اہلکار عسکری کارروائی میں ہلاک ہو گئے ہیں۔ ایک قوم کی حیثیت سے ہم امریکہ کے ان سچے محب وطن افراد کے غم میں شریک ہیں جنہوں نے اپنے وطن کی خاطر عظیم ترین قربانی پیش کی۔ اس جائز مشن کو جاری رکھتے ہوئے، جس کے لیے انہوں نے اپنی جانیں قربان کیں، ہم زخمیوں کی مکمل صحت یابی کے لیے دعاگو ہیں اور جان دینے والوں کے خاندانوں سے بے پایاں محبت اور دائمی تشکر کا اظہار کرتے ہیں۔

یہ کہنا افسوسناک ہے کہ ممکنہ طور پر مزید جانیں بھی ضائع ہوں گی۔ اختتام سے سے پہلے، یہ ایسا ہی ہے۔ ممکنہ طور پر مزید۔ لیکن ہم ہر ممکن کوشش کریں گے کہ ایسا نہ ہو۔ تاہم، امریکہ ان کی اموات کا انتقام لے گا اور ان دہشت گردوں پر انتہائی سخت ضرب لگائے گا جنہوں نے دراصل تہذیب کے خلاف جنگ چھیڑی ہے۔ انہوں نے انسانیت کے خلاف جنگ چھیڑی ہے۔ ہمارا عزم، اور اسی طرح اسرائیل کا عزم بھی پہلے سے کہیں زیادہ مضبوط ہے۔

امریکہ اب ایک مرتبہ پھر دنیا کا سب سے امیر اور طاقتور ملک ہے۔ لیکن ہم جس معیار زندگی، آزادی اور تحفظ سے استفادہ کرتے ہیں اس کی واحد وجہ یہ ہے کہ ہم وہ کام انجام دیتے آئے ہیں جو دوسرے نہیں کر سکتے۔ یہ سب ان بہادروں کی بدولت ہے جو ہمارے دشمنوں کا مقابلہ کرنے کے لیے اپنی جانیں قربان کرنے پر آمادہ رہتے ہیں۔ وہ دوسروں سے کہیں بہتر طور سے جنگ لڑتے ہیں۔

طویل فاصلے تک مار کرنے والے میزائلوں اور جوہری ہتھیاروں سے لیس ایران کی حکومت امریکہ کے ہر شہری کے لیے سنگین خطرہ ہو گی۔ ہم کسی ایسے ملک کو اس طرح کے ہتھیار رکھنے کی اجازت نہیں دے سکتے جو دہشت گرد فوجیں کھڑی کرتا ہو اور اپنی بد نیتی کے تحت پوری دنیا کو دھمکانے کے قابل ہو جائے۔ ہم ایسا ہرگز نہیں ہونے دیں گے۔ نہ یہ ہمارے ساتھ ہو گا اور نہ ہی ہم اسے دوسروں کے ساتھ ہونے دیں گے۔

امریکہ کے پاس سب سے طاقتور فوج ہے جو دنیا نے پہلے کبھی نہیں دیکھی۔ میں نے اپنی پہلی مدت صدارت میں اپنی فوج کو ازسرنو مضبوط کیا۔ اس کا کوئی مقابلہ نہیں۔ لیکن اب ہم اس فوج کو بھلائی کے لیے استعمال کر رہے ہیں۔ ہم چاہتے ہیں کہ یہ اچھے مقصد کے لیے بروئے کار آئے۔ ہم یہ بہت بڑی کارروائی صرف اپنے موجودہ دور اور اپنی سرزمین کا تحفظ یقینی بنانے کے لیے نہیں کر رہے بلکہ اپنے بچوں اور ان کی آئندہ نسلوں کے لیے بھی کر رہے ہیں جیسا کہ ہمارے اجداد نے برسوں پہلے ہمارے لیے کیا تھا۔ یہ ایک آزاد قوم کی ذمہ داری بھی ہے اور اس کا بوجھ بھی۔

یہ اقدامات درست بھی ہیں اور ناگزیر بھی تاکہ یقینی بنایا جائے کہ امریکہ کے لوگوں کو کبھی جوہری ہتھیاروں سے لیس اور بہت سے خطرات پیدا کرنے والی کسی انتہا پسند، خونخوار دہشت گرد حکومت کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

تقریباً 50 برس سے یہ شرپسند امریکہ پر حملے کر رہے ہیں جو 'امریکہ مردہ باد' یا 'اسرائیل مردہ باد' یا دونوں نعرے لگاتے رہے ہیں۔ یہ دنیا میں دہشت گردی کے سب سے بڑے ریاستی سرپرست ہیں۔ ہم دنیا کا سب سے عظیم اور طاقتور ملک ہیں اور اسی لیے ہم ان کی کارروائیوں سے نمٹ سکتے ہیں۔ یہ ناقابل برداشت خطرات مزید برقرار نہیں رہیں گے۔

میں ایک مرتبہ پھر ایران کے پاسداران انقلاب، فوج اور پولیس پر زور دیتا ہوں کہ اپنے ہتھیار ڈال دیں، مکمل معافی حاصل کریں، وگرنہ موت یقینی ہے۔ یہ یقینی موت ہو گی جو خوشگوار نہیں ہوگی۔ میں ایران کے تمام محب وطن اور آزادی کے خواہش مند شہریوں سے کہتا ہوں کہ اس موقع سے فائدہ اٹھائیں، بہادر بنیں، دلیری سے کام لیں اور اپنے ملک کو واپس حاصل کریں۔ امریکہ آپ کے ساتھ ہے۔ میں نے آپ سے وعدہ کیا اور میں نے وہ وعدہ پورا کیا۔ اب آپ پر منحصر ہے لیکن ہم مدد کے لیے موجود رہیں گے۔

شکریہ۔ خدا ہمارے شاندار بہادروں پر رحمت کرے اور خدا امریکہ پر رحمت کرے۔

شکریہ۔


اصل عبارت پڑھنے کا لنک: https://rollcall.com/factbase/trump/transcript/donald-trump-vlog-iran-attack-update-march-1-2026/

یہ ترجمہ ازراہ نوازش فراہم کیا جا رہا ہے اور صرف اصل انگریزی ماخذ کو ہی مستند سمجھا جائے۔


This email was sent to stevenmagallanes520.nims@blogger.com using GovDelivery Communications Cloud on behalf of: Department of State Office of International Media Engagement · 2201 C Street, NW · Washington, DC · 20520 GovDelivery logo

No comments:

Page List

Blog Archive

Search This Blog

Medal of Honor Monday: Navy Petty Officer 3rd Class Jack Williams

View Online Medal of Honor Monday: Navy Petty...