Wednesday, July 2, 2025

کواڈ کے وزرائے خارجہ کا اجلاس 2025

Department of State United States of America

یہ ترجمہ امریکی دفترخارجہ کی جانب سے ازراہ نوازش پیش کیا جارہا ہے۔



امریکی محکمہ خارجہ
ترجمان کا دفتر
حقائق نامہ
یکم جولائی، 2025

امریکہ، آسٹریلیا، انڈیا اور جاپان کے وزرائے خارجہ نے یکم جولائی 2025 کو واشنگٹن ڈی سی میں کواڈ کے وزرائے خارجہ کے 10ویں اجلاس کے لیے ملاقات کی۔ انہوں نے آزاد اور کھلے ہند۔الکاہل کو فروغ دینے کے لیے چاروں ممالک کی جانب سے حالیہ و آئندہ سرگرمیوں اور اس ضمن میں شراکت داروں کے ساتھ تعاون کا خیرمقدم کیا۔ چاروں وزراء نے سمندری و بین الاقوامی سلامتی کو مضبوط بنانے، معاشی خوشحالی و سلامتی، اہم اور ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجی اور خطے بھر میں انسانی امداد اور ہنگامی اقدامات میں مدد دینے کے لیے اہم اقدامات کا اعلان کیا۔

آج کواڈ کے وزرائے خارجہ کو 'اہم معدنیات سے متعلق کواڈ کا اقدام' شروع کرنے کا اعلان کرتے ہوئے فخر ہے۔ یہ اہم معدنیات کی تجارتی ترسیل کے نظام کو محفوظ و متنوع بنانے میں تعاون کے ذریعے معاشی سلامتی اور اجتماعی مضبوطی کے لیے ہماری شراکت داری کو پرعزم طور سے وسعت دینے کا اقدام ہے۔ اِس نئے اقدام سے اور اس کے ساتھ دیگر موثر اقدامات و نتائج کے ذریعے چاروں ممالک کو اپنے لوگوں اور خطے کے لیے معاشی مواقع اور خوشحالی لانے میں مدد ملے گی۔

سمندری اور بین الاقوامی سلامتی

کواڈ خطے کے ساتھ سمندری قانون کے نفاذ میں تعاون کو وسعت دے رہا ہے جس سے غیرقانونی سمندری سرگرمیوں کا خاتمہ کرنے کی کوششوں میں مدد ملے گی جن میں قزاقی، منشیات کی سمگلنگ، سرحدی سلامتی کی خلاف ورزیاں اور غیرقانونی، بلااطلاع اور خلافِ قاعدہ (آئی یو یو) ماہی گیری بھی شامل ہے۔

            •   رواں مہینے ہم نے پہلی مرتبہ 'سمندر میں کواڈ کا مشاہدہ مشن' شروع کیا جس سے ہمارا باہمی تعامل مضبوطی پائے گا اور خطے بھر میں غیرقانونی سمندری سرگرمیوں سے بہتر طور پر نمٹنے کے لیے اطلاعات کے تبادلے میں مدد ملے گی۔ کواڈ کے شراکت دار بطور مشاہدہ کار امریکہ کے کوسٹ گارڈ کے ایک بحری جہاز پر سوار ہو چکے ہیں جو پالاؤ سے چلا تھا اور اس ہفتے گوام پہنچے گا۔

            •   رواں ماہ کے آخر میں کواڈ دوسرا سمندری قانونی مکالمہ شروع کرے گا جس کا مقصد سمندری نظام کو برقرار رکھنے کی کوششوں کو فروغ دینا ہے۔

            •   ہم سمندری عملداری سے آگاہی کے لیے ہند۔الکاہل شراکت داری (آئی پی ایم ڈی اے) پر عملدرآمد کر رہے ہیں جس میں خلا سے ریڈیو فریکوئنسی ڈیٹا جمع کرنا اور اس کا تبادلہ، تجزیاتی تربیت اور صلاحیتوں میں اضافہ شامل ہے۔ ہم 'آئی پی ایم ڈی اے' کو جغرافیائی طور پر بحر ہند کے پورے خطے میں وسعت دینے اور 'آئی پی ایم ڈی اے' کے مشترکہ عملی نظام کو ترقی دینے کے طریقے وضع کرنے کا عزم رکھتے ہیں۔

            •   ہم رواں سال ہند۔الکاہل میں تربیتی حوالے سے پہلے سمندری اقدام کے انعقاد کا ارادہ بھی رکھتے ہیں جس کا مقصد خطے میں صلاحیتوں کے حوالے سے خامیوں کا اندازہ لگانا اور علاقائی شراکت داروں کے ساتھ مشاورت کے ذریعے سمندری صلاحیتوں کو بہتر بنانا شامل ہے۔

    معاشی خوشحالی و سلامتی

    کواڈ ہند۔الکاہل کو آزاد اور کھلا خطہ بنانے اور اپنے رکن ممالک کے شہریوں سمیت ہند-الکاہل کے خطے کے تمام لوگوں کی خوشحالی کو فروغ دینے کا عزم رکھتا ہے۔ ہم خطے بھر میں توانائی کے تحفظ کو مضبوط کرنا، تجارتی ترسیل کے نظام کو مضبوط بنانا اور بنیادی ڈھانچے کے ایسے معیاری منصوبے چاہتے ہیں جو شفاف اور محفوظ ہوں۔

              •   یہ اقدام تجارتی ترسیل کے قابل بھروسہ سلسلوں کو محفوظ و متنوع بنانے، الیکٹرانک کچرے سے اہم معدنیات کی بحالی اور انہیں دوبارہ کام میں لانے جیسی ترجیحات پر تعاون کو مضبوط بنانے میں مددگار ہو گا۔ اس سے اہم معدنیات کے لیے تجارتی ترسیل کے مضبوط اقدامات پر کواڈ کے تعاون کو وسعت دینے میں مدد ملے گی اور ہم اس ضمن میں بڑے پیمانے پر سرمایہ کاری میں سہولت کے لیے نجی شعبے کے شراکت داروں کے ساتھ رابطوں کے منتظر ہیں۔

              •   ہم اکتوبر 2025 میں ممبئی میں ہند۔الکاہل شراکت داروں کے ساتھ نقل و حمل اور انصرام سے متعلق کانفرنس کی میزبانی کرتے ہوئے باضابطہ طور پر 'مستقبل کی بندرگاہوں کے لیے کواڈ کی شراکت' کا آغاز کریں گے۔ یہ کانفرنس جدید بندرگاہوں اور انصرامی طریقہ کار پر علم میں اضافے، مکالمے کو فروغ دینے اور تجربات کے تبادلے میں معاون ہوگی اور بندرگاہوں کے معیاری بنیادی ڈھانچے کی ترقی کے لیے سرکاری اور نجی شعبے کی سرمایہ کاری کو متحرک کرے گی۔ یہ اقدام ان کوششوں کی تکمیل کرے گا جو کواڈ شراکت داروں نے 'کواڈ انفراسٹرکچر فیلوشپس پروگرام' کے ذریعے ہند۔الکاہل میں بنیادی ڈھانچے کے ماہرین کی صلاحیت بڑھانے کے لیے کی ہیں۔

              •   ہم کیبل رابطوں اور ان کی مضبوطی کے لیے کواڈ کی شراکت داری کو آگے بڑھانے کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہیں۔ رواں سال، امریکہ اور انڈیا زیر آب کیبل سے متعلق فورم کی میزبانی کریں گے جس میں کواڈ شراکت دار شریک ہوں گے اور اس کا مقصد ڈیجیٹل بنیادی ڈھانچے میں تعاون کے مواقع کی نشاندہی کرنا

              •   ہے۔ یہ فورم ضابطہ جاتی ہم آہنگی کو فروغ دے گا جس سے کواڈ کی شراکت دار کمپنیوں کو ڈیجیٹل انفراسٹرکچر تک مؤثر رسائی حاصل کرنے میں مدد ملے گی۔ کیبل رابطوں اور مضبوطی کے لیے آسٹریلیا کا مرکز شراکت دار حکومتوں کو ان کی زیر آب کیبل پالیسیوں اور ضوابط کو مضبوط بنانے میں مدد فراہم کر رہا ہے۔

      اہم اور ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجی

      کواڈ کو اہم اور ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجی کی انقلابی طاقت کا ادراک ہے اور ہم اطلاعات و مواصلات کی محفوظ اور قابل اعتماد ٹیکنالوجی کے ڈھانچے کو ترقی دینا جاری رکھیں گے اور مصنوعی ذہانت، سیمی کنڈکٹر، تکنیکی ضابطوں، حیاتیاتی ٹیکنالوجی اور سائبر سکیورٹی پر اپنے کام کو وسعت دیں گے۔

                •   کواڈ ہند۔الکاہل میں ڈیجیٹل بنیادی ڈھانچے کے منصوبوں کو فروغ دینے کا سلسلہ جاری رکھے گا اور اس ضمن میں نجی شعبے کے قریبی تعاون سے اقدامات کیے جائیں گے تاکہ کواڈ میں سلامتی، باہمی مطابقت اور اختراع کو مدد مل سکے۔ کواڈ پالاؤ میں 'اوپن ریڈیو ایکسیس نیٹ ورک ' کی تنصیب سے حاصل ہونے والے نتائج سے مستقبل کے منصوبوں میں فائدہ اٹھائے گا اور آئندہ ایسی مزید تنصیبات پر غور کرے گا۔

                •   کواڈ 'اے آئی انگیج' اقدام کے ذریعے ہند۔الکاہل میں کسانوں کو بااختیار بنانے اور زرعی طریقہ کار کو جدت دینے کے لیے مصنوعی ذہانت، روبوٹکس، اور سینسنگ ٹیکنالوجی سے فائدہ اٹھانے کے لیے تحقیق کو مزید گہرا کرنے کے عزم پر کاربند ہے۔

                •   کواڈ کی 'ایس ٹی ای ایم' فیلوشپ، سائنس اور ٹیکنالوجی کے شعبے میں نئی نسل کے رہنماؤں کے مابین روابط کو مضبوط بنانے کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہے۔ اگلے مرحلے میں جاپان میں مقیم گریجویٹ طلباء بھی اس میں شامل ہوں گے جو کہ اس پروگرام کے تحت بین الاقوامی سائنسی تعاون کے عزم کی جانب ایک اہم پیش رفت ہے۔ انڈیا نے ہند۔الکاہل کے پچاس طلبہ کے لیے کواڈ ایس ٹی ای ایم سکالرشپس کا آغاز کیا ہے تاکہ وہ سرکاری مالی وسائل کے ذریعے چلنے والے تکنیکی اداروں میں چار سالہ انڈرگریجوایٹ انجینئرنگ پروگرام میں تعلیم حاصل کر سکیں۔

        انسانی امداد اور ہنگامی اقدامات

        ہم انسانی امداد اور ہنگامی ضرورت کے اقدامات کے لیے تعاون فراہم کر رہے ہیں تاکہ ہند۔الکاہل میں طبی تحفظ کو لاحق خطرات پر قابو پایا جا سکے۔

                  •   مارچ 2025 میں میانمار میں آنے والے زلزلے کے بعد کواڈ نے متاثرہ لوگوں کی مدد کے لیے انسانی امداد کے طور پر 30 ملین ڈالر فراہم کیے۔

                  •   مارچ 2025 میں کواڈ نے انڈیا کی میزبانی میں وباؤں کے مقابلے کی تیاری کے موضوع پر ایک ورکشاپ کا انعقاد کیا جس میں شریک ہند۔الکاہل کے 15 ممالک نے ہنگامی طبی حالات سے نمٹنے کے عالمگیر اقدامات کو بہتر بنانے، اس سلسلے میں علاقائی سطح پر مضبوطی پیدا کرنے اور خطے کو محفوظ و صحت مند بنانے کے اقدامات پر بات چیت کی۔


          اصل عبارت پڑھنے کا لنک: https://www.state.gov/releases/office-of-the-spokesperson/2025/07/2025-quad-foreign-ministers-meeting/

          یہ ترجمہ ازراہ نوازش فراہم کیا جا رہا ہے اور صرف اصل انگریزی ماخذ کو ہی مستند سمجھا جائے۔


This email was sent to stevenmagallanes520.nims@blogger.com using GovDelivery Communications Cloud on behalf of: Department of State Office of International Media Engagement · 2201 C Street, NW · Washington, DC · 20520 GovDelivery logo

No comments:

Page List

Blog Archive

Search This Blog

Réunion du secrétaire d’État Rubio avec la ministre canadienne des Affaires étrangères Anand

Traduction fournie par le département d'État des États-Unis à tit...