Monday, January 5, 2026

نکولس مادورو کی گرفتاری سے متعلق پریس کانفرنس میں صدر ڈونلڈ جے ٹرمپ کی گفتگو اقتباسات

Department of State United States of America

یہ ترجمہ امریکی دفترخارجہ کی جانب سے ازراہ نوازش پیش کیا جارہا ہے۔



وائٹ ہاؤس
03 جنوری، 2026

ہم آپ کی یہاں موجودگی کی قدر کرتے ہیں۔ گزشتہ رات گئے اور آج صبح میری ہدایت پر امریکہ کی مسلح افواج نے وینزویلا کے دارالحکومت میں ایک غیر معمولی عسکری کارروائی انجام دی۔ فضا، زمین اور سمندر میں امریکہ کی فوجی طاقت کا بھر پور استعمال کرتے ہوئے ایک شاندار حملہ کیا گیا اور یہ ایسا حملہ تھا جو لوگوں نے دوسری عالمی جنگ کے بعد نہیں دیکھا۔ یہ کارروائی کاراکاس کے قلب میں واقع انتہائی محفوظ فوجی قلعے پر کی گئی جس کا مقصد غیر قانونی آمر، نکولس مادورو کو انصاف کے کٹہرے میں لانا تھا۔

یہ امریکہ کی تاریخ میں امریکی عسکری طاقت اور صلاحیت کے سب سے حیرت انگیز، موثر اور طاقتور مظاہروں میں سے ایک تھا۔ اگر آپ غور کریں تو ہم اس سے پہلے بھی کچھ شاندار کارروائیاں کر چکے ہیں، جیسا کہ سلیمانی پر حملہ، البغدادی پر حملہ اور حال ہی میں ایران کے جوہری مراکز کی مکمل تباہی اور ان کا خاتمہ کرنا، جسے مڈنائٹ ہیمر کے نام سے بھی جانا جاتا ہے۔ یہ تمام کارروائیاں نہایت درستگی اور مکمل طور پر کامیابی سے انجام دی گئیں۔

دنیا کا کوئی اور ملک وہ کارنامہ انجام نہیں دے سکتا جو امریکہ نے کل انجام دیا، یا میں کھل کر کہوں تو اس قدر مختصر وقت میں کوئی ایسا نہیں کر سکتا۔ وینزویلا کی تمام عسکری صلاحیتوں کو ناکارہ بنا دیا گیا جبکہ ہماری فوج کے مرد و خواتین اہلکار، امریکہ کے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ رات کی تاریکی میں نکولس مادورو کو کامیابی سے گرفتار کرنے میں کامیاب ہوئے۔ اس وقت اندھیرا تھا۔

ہم نے اپنے پاس موجود ایک خاص مہارت کے ذریعے کاراکاس کی روشنیاں بڑی حد تک بند کر دی تھیں۔ اس وقت اندھیرا تھا اور یہ کارروائی مہلک تھی۔ لیکن اس میں مادورو کو ان کی اہلیہ سیلیا فلوریس کے ساتھ گرفتار کیا گیا۔ اب یہ دونوں امریکہ کے انصاف کا سامنا کریں گے۔ مادورو اور فلوریس پر امریکہ اور اس کے شہریوں کے خلاف منشیات کی مہلک دہشت گردی کی مہم چلانے کے الزامات میں امریکہ کے جنوبی ضلع نیویارک میں جے کلیٹن کے ذریعے فردجرم عائد کی جا چکی ہے۔

میں اپنی فوج کے مردوخواتین کا شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں جنہوں نے راتوں رات غیر معمولی تیزی، طاقت، درستگی اور مہارت کے ساتھ ایک شاندار کامیابی حاصل کی۔ ایسی مثالیں بہت کم دیکھنے کو ملتی ہیں۔ آپ نے اس ملک میں کچھ ایسے چھاپے بھی دیکھے ہیں جو زیادہ کامیاب نہیں رہے اور وہ شرمندگی کا باعث بنے۔ اگر آپ افغانستان کو دیکھیں یا جمی کارٹر کے دور کو یاد کریں تو وہ مختلف زمانے تھے۔ آج ہم دوبارہ ایک باوقار ملک ہیں، شاید پہلے سے بھی زیادہ۔

یہ اعلیٰ تربیت یافتہ جنگجو، امریکہ کے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ مل کر کارروائی کر رہے تھے اور انہوں نے انہیں ایک ایسی حالت میں پکڑا جسے ریڈی پوزیشن کہا جاتا ہے۔ وہ ہمارے لیے تیار تھے۔ انہیں معلوم تھا کہ ہمارے کئی بحری جہاز سمندر میں موجود ہیں۔ ہم گویا انتظار ہی کر رہے تھے۔ انہیں معلوم تھا کہ ہم آ رہے ہیں، اسی لیے وہ تیار حالت میں تھے۔ لیکن اس کے باوجود وہ مکمل طور پر مغلوب ہو گئے اور نہایت سرعت سے ناکارہ بنا دیے گئے۔

اگر آپ وہ دیکھتے جو میں نے گزشتہ رات دیکھا تو آپ بہت متاثر ہوتے۔ مجھے نہیں معلوم کہ آپ کو کبھی وہ سب دیکھنے کا موقع ملے گا یا نہیں مگر وہ ایک ناقابل یقین منظر تھا۔ ایک بھی امریکی فوجی ہلاک نہیں ہوا اور امریکہ کے فوجی سازوسامان کا ایک بھی ٹکڑا ضائع نہیں ہوا۔ ہمارے پاس بہت سے ہیلی کاپٹر تھے، بہت سے طیارے تھے اور اس کارروائی میں بے شمار افراد شامل تھے لیکن ذرا سوچیے کہ فوجی سازوسامان کا ایک بھی ٹکڑا ضائع نہیں ہوا اور سب سے بڑھ کر، ایک بھی فوجی اہلکار کی جان نہیں گئی۔

امریکہ کی فوج بلا مبالغہ دنیا کی سب سے طاقتور اور سب سے زیادہ رعب دار فوج ہے جو ایسی صلاحیتوں اور مہارتوں سے لیس ہے جن کا ہمارے دشمن بمشکل ہی تصور کر سکتے ہیں۔ ہمارے پاس دنیا میں سب سے بہترین عسکری سازوسامان ہے۔ ہمارے جیسے آلات کسی اور کے پاس نہیں اور آپ یہ بات صرف ہماری کشتیوں کو دیکھ کر ہی سمجھ سکتے ہیں۔

آپ جانتے ہیں، ہم نے سمندر کے راستے آنے والی منشیات کا 97 فیصد ختم کر دیا ہے۔ ہر ایک کشتی اوسطاً 25 ہزار لوگوں کی جان لیتی ہے۔ ہم نے ان میں سے 97 فیصد کو ناکام بنا دیا اور وہ منشیات زیادہ تر ایک جگہ سے آتی رہی ہیں جسے وینزویلا کہا جاتا ہے۔

ہم ملک کو اس وقت تک چلائیں گے جب تک ایک محفوظ، درست اور دانشمندانہ انتقال اقتدار ممکن نہ بنا لیں۔ ہم یہ نہیں چاہتے کہ کوئی اور آ کر اقتدار سنبھالے اور پھر وہی صورتحال پیدا ہو جو پچھلے کئی برسوں سے رہی ہے۔ اسی لیے ہم ملک کو اس وقت تک چلائیں گے جب تک ایک محفوظ، مناسب اور دانشمندانہ منتقلی ممکن نہ ہو جائے اور یہ دانشمندانہ ہونی چاہیے کیونکہ یہی ہماری پہچان ہے۔

ہم وینزویلا کے عظیم عوام کے لیے امن، آزادی اور انصاف چاہتے ہیں اور اس میں وینزویلا کے وہ بہت سے لوگ بھی شامل ہیں جو اب امریکہ میں رہ رہے ہیں اور اپنے ملک واپس جانا چاہتے ہیں۔ وہ ان کا وطن ہے۔ ہم یہ خطرہ مول نہیں لے سکتے کہ کوئی اور وینزویلا پر قابض ہو جائے جو وہاں کے لوگوں کی بھلائی کو پیش نظر نہ رکھتا ہو۔ ہم کئی دہائیوں تک ایسے حالات دیکھ چکے ہیں اور دوبارہ ایسا ہونے نہیں دیں گے۔

ہم اب وہاں موجود ہیں اور جو بات لوگ شاید پوری طرح نہیں سمجھتے لیکن جیسا کہ میں کہہ رہا ہوں وہ سمجھ جائیں گے، وہ بات یہ ہے کہ ہم اب وہاں موجود ہیں اور اس وقت تک وہیں رہیں گے جب تک ایک مناسب انتقال اقتدار ممکن نہ ہو جائے۔ لہٰذا ہم وہیں رہیں گے اور بنیادی طور پر ملک کو اس وقت تک چلائیں گے جب تک ایک درست اور مناسب منتقلی عمل میں نہیں آ جاتی۔ جیسا کہ سبھی جانتے ہیں، وینزویلا میں تیل کا شعبہ ایک طویل عرصہ سے مکمل طور پر ناکام رہا ہے۔ وہ اس کے مقابلے میں تقریباً کچھ بھی تیل نہیں نکال رہے تھے جتنا وہ نکال سکتے تھے اور جتنا کچھ ممکن ہو سکتا تھا وہ سب نہیں ہو سکا۔

ہم امریکہ کی بہت بڑی تیل کمپنیوں کو وہاں بھیجیں گے جو دنیا میں سب سے بڑی ہیں۔ وہ اربوں ڈالر خرچ کریں گی، بری طرح تباہ شدہ بنیادی ڈھانچے بالخصوص تیل کے ڈھانچے کو درست کریں گی اور ملک کے لیے آمدنی پیدا کرنا شروع کریں گی۔ اگر ضرورت ہوئی تو ہم ایک دوسری اور کہیں زیادہ بڑی کارروائی کرنے کے لیے بھی تیار ہیں۔ یعنی، اگر ضرورت ہوتی تو ہم دوسری لہر شروع کرنے کے لیے بھی مکمل طور پر تیار تھے۔ درحقیقت، ہمارا اندازہ تھا کہ دوسری لہر ضروری ہوگی لیکن اب غالباً اس کی ضرورت نہیں پڑے گی۔ پہلی لہر، اگر آپ اسے پہلی لہر کہنا چاہیں یا پہلا حملہ اس قدر کامیاب رہا کہ شاید ہمیں دوسری کارروائی کی ضرورت نہ پڑے۔ لیکن ہم دوسری کارروائی کے لیے تیار ہیں اور وہ دراصل کہیں زیادہ بڑی ہو گی۔

یہ کارروائی ہدف پر اور درستگی سے انجام دی گئی لیکن ہمارے پاس کہیں زیادہ بڑی لہر بھی موجود ہے جسے غالباً ہمیں استعمال کرنے کی ضرورت نہیں پڑے گی۔ وینزویلا اور امریکہ کے درمیان یہ شراکت وینزویلا کے عوام کو خوشحال، خودمختار اور محفوظ بنائے گی۔ امریکہ ایسا ملک ہے جس کے ساتھ ہر کوئی شامل ہونا چاہتا ہے جس کی وجہ ہماری بہت کچھ کرنے اور حاصل کرنے کی صلاحیت ہے۔ اس سے امریکہ میں رہنے والے وینزویلا کے بے شمار لوگوں کو بھی بے حد خوشی ہو گی۔ انہوں نے تکلیف اٹھائی۔ انہوں نے بہت تکلیف جھیلی۔ ان سے بہت کچھ چھین لیا گیا تھا۔ اب وہ مزید تکلیف نہیں اٹھائیں گے۔

غیر قانونی آمر مادورو ایک وسیع مجرمانہ نیٹ ورک کا سرغنہ تھا جو امریکہ میں مہلک اور غیر قانونی منشیات کی بہت بڑی مقدار سمگل کرنے کا ذمہ دار تھا۔ جیسا کہ فرد جرم میں الزام عائد کیا گیا ہے وہ ذاتی طور پر ایک سفاک کارٹیل کی نگرانی کرتا تھا جسے کارٹیل دے لوس سولیس کہا جاتا ہے اور جس نے ہمارے ملک کو مہلک زہر سے بھر دیا، ایسا زہر جو بے شمار امریکی شہریوں کی ہلاکت کا باعث بنا۔ بہت سے برسوں کے دوران بہت سے، بے شمار امریکی، سینکڑوں ہزار اسی کی وجہ سے جان سے گئے۔

مادورو اور اس کی اہلیہ جلد ہی امریکی انصاف کی پوری قوت کا سامنا کریں گے اور ان کے خلاف امریکہ سرزمین پر مقدمہ چلایا جائے گا۔ اس وقت وہ ایک جہاز پر موجود ہیں۔ بالآخر انہیں نیویارک لے جایا جائے گا اور پھر میرا خیال ہے کہ نیویارک اور میامی یا فلوریڈا کے درمیان کوئی فیصلہ کیا جائے گا۔ لیکن ہمارے پاس ایسے شواہد موجود ہیں جن میں ان کے جرائم کے ناقابل تردید ثبوت قانون کی عدالت میں پیش کیے جائیں گے اور میں نے وہ سب خود دیکھا ہے۔ میں نے دیکھا ہے کہ ہمارے پاس کیا کچھ موجود ہے۔ یہ بات نہایت خوفناک اور حیران کن ہے کہ اس طرح کے واقعات ہونے کی اجازت دی گئی۔

مادورو وینزویلا کے صدر کی حیثیت سے اپنی مدت ختم ہونے کے کئی برس بعد بھی اقتدار میں رہے اور انہوں نے امریکہ کے خلاف تشدد، دہشت اور تخریبی کارروائیوں کی ایک نہ ختم ہونے والی مہم جاری رکھی جس سے نہ صرف ہمارے عوام بلکہ پورے خطے کے استحکام کو بھی خطرہ لاحق ہوا اور آپ سب نے یہ دیکھا۔

مادورو نے غیر قانونی منشیات کی بہت بڑی مقدار سمگل کی جس نے پورے ملک میں اور خاص طور پر امریکہ میں ناقابل بیان تکلیف اور انسانی تباہی پھیلائی۔ علاوہ ازیں، انہوں نے وحشی اور قاتل گینگ امریکہ بھیجے جن میں جیل کا خونخوار گینگ ٹرن دے آراگوا بھی شامل تھا تاکہ پورے امریکہ میں ہمارے لوگوں کو خوف زدہ کیا جا سکے اور اس نے واقعی ایسا کیا۔

وہ کولوراڈو میں موجود تھے۔ انہوں نے رہائشی عمارتوں پر قبضہ کر لیا۔ اگر لوگ پولیس کو فون کرتے تو وہ ان کی انگلیاں کاٹ دیتے تھے۔ وہ نہایت سفاک تھے۔ لیکن اب وہ اتنے سفاک نہیں رہے اور میں اپنی فوج، پیٹ (ہیگسیتھ) اور ہمارے نیشنل گارڈ کے ہر فرد کو مبارکباد دینا چاہتا ہوں۔


اصل عبارت پڑھنے کا لنک:  https://rollcall.com/factbase/trump/transcript/donald-trump-press-conference-venezuela-maduro-january-3-2026/

یہ ترجمہ ازراہ نوازش فراہم کیا جا رہا ہے اور صرف اصل انگریزی ماخذ کو ہی درست سمجھا جائے۔


This email was sent to stevenmagallanes520.nims@blogger.com using GovDelivery Communications Cloud on behalf of: Department of State Office of International Media Engagement · 2201 C Street, NW · Washington, DC · 20520 GovDelivery logo

No comments:

Page List

Blog Archive

Search This Blog

U.S. Department of Justice DOJ Press Releases & News Update

You are subscribed to DOJ Press Releases & News for U.S. Department of Justice. This information has recen...