Tuesday, July 16, 2024

صدر بائیڈن کا قوم سے خطاب

Department of State United States of America

یہ ترجمہ امریکی دفترخارجہ کی جانب سے ازراہ نوازش پیش کیا جارہا ہے۔



وائٹ ہاؤس
14 جولائی، 2024
8:02 شام

صدر: میرے امریکی ہم وطنو، آج رات میں آپ سے سیاسی حدت میں کمی لانے کی ضرورت کے بارے میں بات کرنا چاہتا ہوں۔ اگرچہ بہت سے معاملات پر ہمارے مابین اختلاف ہو سکتا ہے لیکن ہم ایک دوسرے کے دشمن نہیں ہیں۔ ہم ایک دوسرے کے ہمسائے، دوست، ساتھی کارکن اور شہری ہیں۔ سب سے بڑھ کر، ہم سب امریکی ہم وطن ہیں۔ ہمیں اکٹھے کھڑا ہونا چاہیے۔

گزشتہ روز پینسلوینیا میں ڈونلڈ ٹرمپ کے جلسے پر فائرنگ کے بعد ہم سب کو ایک قدم پیچھے ہٹنے، اپنا جائزہ لینے اور مستقبل کے بارے میں سوچنے کی ضرورت ہے۔

خدا کا شکر ہے کہ سابق صدر ٹرمپ کو سنگین زخم نہیں آئے۔ میں نے گزشتہ رات ان سے بات کی تھی۔ مجھے خوشی ہے کہ ان کی صحت بہتر ہے۔ جِل اور میں ان کے اور ان کے خاندان کے لیے دعا گو ہیں۔

ہم اس واقعے میں ہلاک ہونے والے شخص کے اہلخانہ کے ساتھ بھی دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہیں۔ کورے ایک شوہر، باپ، رضاکار فائر فائٹر اور ہیرو تھے جنہوں نے اپنے اہلخانہ کو گولیوں سے بچایا۔ ہم سب کو ان کے خاندان اور اس واقعے میں زخمی ہونے والے دیگر لوگوں کو اپنی دعاؤں میں یاد رکھنا چاہیے۔

آج صح میں نے اس واقعے کے حوالے سے جاری تحقیقات پر حکام سے بات کی تھی۔ ہم تاحال فائرنگ کرنے والے شخص کے مقصد سے آگاہ نہیں ہیں۔ ہم اس کے خیالات یا وابستگیوں سے آگاہ نہیں ہیں۔ ہم نہیں جانتے کہ آیا اسے کسی کی مدد یا تعاون حاصل تھا یا اس نے کسی اور سے بھی اس بارے میں بات کی تھی یا نہیں۔ جیسا کہ میں ںے کہا، نفاذ قانون کے ماہرین ان سوالات کے جوابات تک پہنچنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

آج رات میں اس بارے میں بات کرنا چاہتا ہوں جو اب ہم جانتے ہیں۔ ایک سابق صدر کو گولی لگی ہے۔ ایک امریکی شہری ہلاک ہوا ہے جو اپنی پسند کے انتخابی امیدوار کی حمایت کرنے کی آزادی سے کام لے رہا تھا۔

ہم امریکہ میں یہ روش اختیار نہیں کر سکتے اور نہ ہی ہمیں کرنا ہے۔ ہم اپنی پوری تاریخ میں یہ سب کچھ دیکھتے چلے آئے ہیں۔ تشدد کسی مسئلے کا حل نہیں ہے خواہ یہ دونوں جماعتوں سے تعلق رکھنے والے کانگریس کے ارکان کو نشانہ بنانے کے واقعات ہوں، ایوان نمائندگان کی سابق سپیکر نینسی پیلوسی کے شوہر پر حملہ ہو، انتخابی حکام کے بارے میں اطلاعات یا انہیں دھمکانے کا معاملہ ہو، گورنر کو اغوا کرنے کی منصوبہ بندی ہو یا ڈونلڈ ٹرمپ کو قتل کرنے کی کوشش ہو۔

امریکہ میں اس طرح کے یا کسی بھی طرح کے تشدد کی کوئی گنجائش نہیں۔ کسی کو یہ اجازت نہیں دی جا سکتی۔ ہم اس تشدد کو معمول بننے نہیں دے سکتے۔

آپ جانتے ہیں کہ اس ملک میں سیاسی بیان بازی حدت پکڑ چکی ہے۔ اب اسے ٹھنڈا کرنے کا وقت ہے اور ایسا کرنا ہم سب کی ذمہ داری ہے۔

ہاں، ہمارے مابین کڑے اختلافات بھی ہیں اور آنے والے انتخاب کے حوالے سے لوگوں کے خدشات اور ان کی توقعات بھی بہت زیادہ ہیں۔

میں نے کئی مرتبہ کہا ہے کہ یہ انتخاب آنے والی کئی دہائیوں کے لیے امریکہ اور دنیا کے مستقبل کا تعین کرے گا۔ مجھے اس بات پر پورا یقین ہے اور میں جانتا ہوں کہ میرے لاکھوں ہم وطن امریکیوں کا بھی یہی خیال ہے۔

ہمارے ملک کے مستقبل کی سمت کے حوالے سے بعض لوگوں کے خیالات کچھ اور ہیں۔ امریکہ کی جمہوریت میں نقطہ ہائے نظر کا اختلاف ناگزیر ہے۔ یہ انسانی فطرت کا حصہ ہے۔ لیکن سیاست کو میدان جنگ نہیں بننا چاہیے اور خدا معاف کرے اس میں دوسروں کو ہلاک کرنے کی کوئی گنجائش نہیں ہونی چاہیے۔

میں سمجھتا ہوں کہ سیاست کو پرامن بحث مباحثے، انصاف کی جستجو اور آزادی کے اعلامیے اور ہمارے آئین کی رہنمائی میں فیصلوں کا ذریعہ ہونا چاہیے۔ ہم امریکہ اور اس کے معاشرے کو انتہاپسند اور غیظ و غضب کا شکار نہیں بلکہ شائستہ اور باوقار بنانا چاہتے ہیں۔

انتخابات کی آمد سے قبل یہ ہم سب کے لیے امتحان کی گھڑی ہے۔ جب توقعات اور خدشات زیادہ ہوں تو جذبات میں بھی شدت آ جاتی ہے۔ اس سے ہم سب پر یہ یقینی بنانے کی ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ خواہ ہمارے تصورات کس قدر ہی مضبوط کیوں نہ ہوں ہمیں تشدد سے کام نہیں لینا۔

ریپبلکن کنونشن کل شروع ہو گا۔ مجھے اس میں کوئی شبہ نہیں کہ وہ میری کارکردگی پر تنقید کریں گے اور اس ملک کے مستقبل کے لیے اپنا تصور پیش کریں گے۔ میں اس ہفتے سفر کروں گا اور اس دوران اپنی کارکردگی اور ملک کے بارے میں اپنا تصور لوگوں کے سامنے رکھوں گا۔

میں امریکہ کی جمہوریت کے لیے مضبوطی سے بات کرتا رہوں گا اور آئین اور قانون کی خاطر کھڑا ہوں گا۔ میں سڑکوں پر تشدد سے کام لینے کے بجائے بیلٹ باکس کے ذریعے رائے کے اظہار کے لیے کہوں گا۔

انتخابات کے موقع پر ہم آپس میں بحث مباحثہ کرتے اور ایک دوسرے سے اختلافات رکھتے ہیں۔ ہم امیدواروں کے کردار، ان کی کارکردگی، مسائل، ایجنڈے اور امریکہ کے لیے ان کے تصورات کا موازنہ کرتے اور ان میں فرق دیکھتے ہیں۔

امریکہ میں ہم اپنے اختلافات بیلٹ باکس کے ذریعے حل کرتے ہیں۔ آپ جانتے ہیں کہ ہم یہ کیسے کرتے ہیں۔ ہم گولیوں کے ذریعے ایسا نہیں کرتے۔ امریکہ کو تبدیل کرنے کی طاقت قاتلوں کے بجائے لوگوں کے ہاتھ میں ہونی چاہیے۔

آپ جانتے ہیں کہ انتخابی مہم کے دوران باہم متضاد تصورات سے گزرتا راستہ پرتشدد کے بجائے پرامن ہونا چاہیے۔

آپ جانتے ہیں کہ ہمیں کرہ ارض پر واقع عظیم ترین ملک میں رہنا نصیب ہوا ہے۔ مجھے اس پر پورے دل سے یقین ہے۔ اسی لیے، آج رات میں ہر امریکی شہری سے کہتا ہوں کہ وہ اس بات پر غور کریں کہ کون سی چیز امریکہ کو اس قدر خاص بناتی ہے۔

یہاں امریکہ میں ہر فرد وقار اور احترام پر مبنی سلوک چاہتا ہے اور نفرت کو کہیں پناہ نہیں ملنی چاہیے۔

امریکہ میں ہمیں اپنے تنگ نظر تصورات کے خول میں بند نہیں رہنا اور صرف انہی لوگوں کی بات نہیں سننا جن سے ہمیں اتفاق ہو اور جہاں غلط اطلاعات کا پھیلاؤ عام ہو، جہاں غیرملکی کردار اپنے مفادات کے حصول کے لیے ہمارے مابین پائی جانے والی تقسیم کو ہوا دیں۔

یاد رہے کہ ہاں امریکہ میں اگرچہ اتحاد کا حصول اس وقت سب سے زیادہ مشکل مقصد ہے لیکن متحد ہونے سے زیادہ کوئی چیز اہم نہیں۔ ہم ایسا کر سکتے ہیں۔

آپ جانتے ہیں کہ روز اول سے ہی ہمارے بانیوں نے جذبے کی طاقت کو جان لیا تھا اور اسی لیے انہوں نے ایک جمہوریت تخلیق کی جس نے معقولیت اور توازن کو سفاکانہ طاقت کے سامنے پھلنے پھولنے کا موقع دیا۔ ہمیں امریکہ کو ایسا ہی ملک بنانا ہے اور اپنی جمہوریت کو ایسی صورت دینا ہے جہاں نیک نیتی سے بحث مباحثہ ہو اور جہاں قانون کا احترام کیا جائے۔ ہمیں ایسی جمہوریت درکار ہے جہاں شائستگی، وقار اور شفافیت محض انوکھے تصورات نہیں بلکہ جیتی جاگتی حقیقتیں ہوں۔

یہ ہم پر اپنے اجداد کا قرض ہے جنہوں نے اس ملک کے لیے اپنی جانیں دیں۔ یہ ہم پر ان کا قرض ہے۔ یہ ہم پر اپنے بچوں اور پوتوں پوتیوں کا قرض ہے۔

کبھی مت بھولیں کہ ہم کون ہیں۔ یاد رکھیں کہ ہم ریاستہائے متحدہ امریکہ ہیں۔ جب ہم متحد ہوں تو ہمارے لیے کسی بھی مقصد کا حصول مشکل نہیں ہوتا۔

خدا آپ سب پر اپنی رحمت کرے اور خدا ہماری افواج کی حفاظت کرے۔

8:08 شام


اصل عبارت پڑھنے کا لنک:  https://www.whitehouse.gov/briefing-room/speeches-remarks/2024/07/14/remarks-by-president-biden-in-address-to-the-nation/

یہ ترجمہ ازراہ نوازش فراہم کیا جا رہا ہے اور صرف اصل انگریزی ماخذ کو ہی مستند سمجھا جائے۔


This email was sent to stevenmagallanes520.nims@blogger.com using GovDelivery Communications Cloud on behalf of: Department of State Office of International Media Engagement · 2201 C Street, NW · Washington, DC · 20520 GovDelivery logo

No comments:

Page List

Blog Archive

Search This Blog

Financial Fraud News Update

Offices of the United States Attorneys   You are subscribed to Financial Fraud  ne...