Saturday, December 18, 2021

مہاجرین کے عالمی دن پر وزیر خارجہ بلنکن کا بیان

Department of State United States of America

یہ ترجمہ امریکی دفترخارجہ کی جانب سے ازراہ نوازش پیش کیا جارہا ہے۔



امریکی دفتر خارجہ

دفتر برائے ترجمان

وزیر خارجہ بلنکن کا بیان

17 دسمبر، 2021

18 دسمبر کو مہاجرین کے عالمی دن پر ہم ہجرت کرنے والوں کے حقوق، معاشرے میں ان کے کردار اور جدوجہد کا اعتراف کرتے ہیں اور دنیا بھر میں محفوظ، منظم اور انسانی انداز میں مہاجرت کے لیے امریکہ کے عزم کا اعادہ کرتے ہیں۔ ہم دفتر خارجہ میں آبادی، مہاجرین اور مہاجرت کے شعبے کی جانب سے عالمی تنظیم برائے مہاجرت (آئی او ایم) جیسے عالمی امدادی شراکت داروں کے ساتھ قائم کردہ علاقائی شراکتوں اور دنیا بھر کی حکومتوں کے ساتھ قریبی اشتراک کے ذریعے باہمی تعاون کو بڑھانے اور مہاجرت کو منظم بنانے کے لیے کام کر رہے ہیں تاکہ غیرمحفوظ حالات کا سامنا کرنے والے مہاجرین کو تحفظ دیا جائے اور بے قاعدہ مہاجرت کی بنیادی وجوہات سے نمٹا جا سکے۔

آئی او ایم نے مہاجرت پر 2022 کی عالمی رپورٹ میں اندازہ لگایا ہے کہ 2020 میں دنیا بھر میں قریباً 281 ملین مہاجرین تھے جو مجموعی عالمی آبادی کا 3.6 فیصد بنتا ہے۔ امریکہ بے قاعدہ مہاجرت کی حوصلہ شکنی کی ضرورت کو واضح کرتا ہے جس کے نتیجے میں مہاجرین کو سمگلنگ اور انسانی خریدوفروخت کی خطرناک کارروائیوں کا سامنا ہوتا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ ہم حکومتوں کی حوصلہ افزائی بھی کرتے ہیں کہ وہ مہاجرین اور پناہ گزینوں کے تحفظ کے لیے جانچ پڑتال کے عالمی نظام تک رسائی کو بہتر بنائیں، لوگوں کو پناہ دینے کی صلاحیت کو مضبوط کریں، انسانی خریدوفروخت کے متاثرین کی شناخت کریں اور انہیں مدد فراہم کریں اور ان کے لیے متبادل قانونی راستوں کو وسعت دیں۔ بہت سے مہاجرین نے بحیرہ روم، خلیج بنگال اور بحیرہ انڈمان، بحیرہ قلزم، ڈیرین گیپ اور ہماری اپنی جنوب مغربی سرحد کے قریب صحرائی علاقوں میں بہت بڑی مشکلات کا سامنا کیا ہے یا ان کی جانیں گئی ہیں۔ عدم استحکام، معاشی مشکلات اور موسمیاتی تبدیلی ایسے عوامل ہیں جو لوگوں کو یہ خطرناک سفر اختیار کرنے پر مجبور کرتے ہیں۔

امریکہ سمجھتا ہے کہ محفوظ، منظم اور انسانی انداز میں مہاجرت ممکن بنانے کے لیے ہمیں ایسی جامع علاقائی اور عالمگیر منصوبہ بندی درکار ہے جس کے ذریعے ان پیچیدہ مسائل سے نمٹا جا سکے۔ جولائی میں امریکہ نے مہاجرت سے متعلق اپنی مشترکہ انتظامی حکمت عملی اور وسطی امریکہ میں مہاجرت کی بنیادی وجوہات سے نمٹنے کی حکمت عملی کا اجراء کیا۔ امریکہ آئی او ایم کو سب سے زیادہ عطیات دینے والا ملک ہے اور 2021 میں اس نے مہاجرت کے علاقائی پروگراموں کے لیے 25 ملین ڈالر سے زیادہ مالی وسائل فراہم کیے۔ مغربی کرے میں بہت بڑے پیمانے پر مہاجرت کو منظم صورت دینا ایک مشترکہ ذمہ داری ہے اور ہم خطے کی حکومتوں اور شراکت داروں کی حوصلہ افزائی کر رہے ہیں کہ وہ مہاجرت اور مہاجرین کے تحفظ سے متعلق ایک پرعزم اور نئے علاقائی طریقہ کار کو اپنانے میں ہمارا ساتھ دیں۔

مہاجرین کے عالمی دن پر آج ہم نے محفوظ، منظم اور باقاعدہ مہاجرت سے متعلق عالمی عہد (جی سی ایم) پر امریکہ کا ترمیم شدہ قومی بیان جاری کیا ہے۔ ہم جی سی ایم کے وژن کی توثیق کرتے ہیں اور محفوظ، منظم اور انسانی انداز میں مہاجرت کو منظم کرنے اور اس سلسلے میں باہمی تعاون بڑھانے کے لیے دنیا کے ممالک کے ساتھ کام کرنے کا عزم کرتے ہیں۔

امدادی امور کے بارے میں امریکہ کے قائدانہ کردار سے متعلق مزید معلومات جاننے کے لیے ٹویٹر اور انسٹاگرام پر @StatePRM اور فیس بک پر @State.PRM کو فالو کیجیے۔


اصل عبارت پڑھنے کا لنک: https://www.state.gov/honoring-international-migrants-day/

یہ ترجمہ ازراہ نوازش فراہم کیا جا رہا ہے اور صرف اصل انگریزی ماخذ کو ہی مستند سمجھا جائے۔


This email was sent to stevenmagallanes520.nims@blogger.com using GovDelivery Communications Cloud on behalf of: Department of State Office of International Media Engagement · 2201 C Street, NW · Washington, DC · 20520 GovDelivery logo

No comments:

Page List

Blog Archive

Search This Blog

U.S. Department of Justice Bankruptcy Update

You are subscribed to Bankruptcy for U.S. Department of Justice. This information has recently been updated, a...